مقبوضہ وادی میں کرفیو کا آج 12واں روز، ادویات اور خوراک کی قلت

Last Updated On 16 August,2019 10:17 am

سری نگر: (دنیا نیوز) کشمیریوں نے مودی کو واضح پیغام دے دیا کہ انہیں صرف اور صرف آزادی چاہیے، کشمیریوں کا کہنا ہے ایک بار کرفیو ہٹاؤ پھر دیکھو یہاں کیا ہوتا ہے۔ آج بارہویں روز مسلسل کرفیو کے سبب ادویات اور خوراک کی قلت ہو گئی، سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں مسلسل جاری ہیں۔

مقبوضہ وادی میں کرفیو کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کشمیریوں نے احتجاج کیا۔ آزادی کے متوالوں نے جگہ جگہ "وی وانٹ فریڈم" کے نعرے لکھ دیئے۔ آزادی اور پاکستان بھی دیواروں پر لکھا ہوا نظر آیا۔ کشمیریوں نے بھارت کو صاف صاف بتا دیا انہیں صرف آزادی چاہیے۔

مقبوضہ وادی میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کا آج بارہواں روز ہے۔ رابطوں کے سارے ذرائع بند ہیں۔ ادویات اور خوراک کی قلت ہو گئی۔ سیاسی کارکنوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی فوج جگہ جگہ ناکے لگائے کھڑی ہے۔ مقبوضہ وادی عملی طور پر بڑے جیل کا منظر پیش کر رہی ہے جہاں عوام گھروں میں بند ناکردہ جرم کی سزا کاٹنے پر مجبور ہیں۔