مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت، امریکی ارکان پارلیمنٹ بھی بول پڑے

Last Updated On 14 September,2019 07:06 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر امریکی ارکان پارلیمنٹ بھی بول پڑے۔ امریکی خارجہ امور کمیٹی کے رکن اور سینیٹر نے کشمیریوں کی حفاظت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

امریکی سینیٹر باب کیسی کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے نے پاک بھارت کشیدگی بڑھا دی ہے، جبکہ بریڈ شرمین نے مسئلہ کشمیر پر امریکی خارجہ امور کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کا عندیہ بھی دے دیا۔

دنیا نیوز کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کے خلاف دنیا بھر سے آوازیں بلند ہونے لگیں۔ امریکی ارکان بھی مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال پر چپ نہ رہ سکے۔ بھارتی مظالم پر امریکی سینیٹرباب کیسی کا کہنا ہے کہ وہ جموں کشمیر کےعوام کے حق خود ارادیت، انسانی حقوق، جمہوریت کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدام سے پاک بھارت کشیدگی بڑھ گئی جسے دورکرنے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں۔

 

امریکی خارجہ امور کمیٹی کے رکن بریڈ شرمین نے ٹویٹ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر امریکی خارجہ امور کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس جلد ہو گا جس میں کشمیر میں شہری آزادی اورنظام مواصلات کی بحالی پر سماعت کی جائے گی۔

امریکی رکن کانگریس راشدہ طلیب نے بھی وادی میں لاک ڈاؤن پر اظہارتشویش کیا ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سےجموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی سخت مذمت کی۔۔