مقبوضہ کشمیر پر جینو سائیڈ واچ کے الرٹ پر تشویش ہے:امریکی ارکان کانگریس

Last Updated On 15 September,2019 03:48 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا کے ارکان کانگریس نے بھارت میں امریکی سفیر اور اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور کو ایک خط لکھا ہے، خط میں مقبوضہ وادی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

امریکی ارکان کانگریس نے بھارت میں امریکی سفیر کو خط لکھا ہے، یہی خط پاکستان میں امریکی ناظم الامور کو بھی لکھا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی رابطے بند کر رکھے ہیں۔

جن امریکی ارکان کانگریس نے خط لکھا ہے ان میں الہان عمر، اینڈی لوین، ٹڈ لیو، راؤل ایم گریجلوا، جیمزپی میگورین، الان لاؤن تھل اور ڈونلڈ ایس بیئر شامل ہیں۔

امریکی ارکان کانگریس کے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو، اظہار رائے، اجتماعات، نقل و حرکت پر پابندی ناقابل قبول ہے۔ جبری گرفتاریوں اور عصمت دری کی بھی اطلاعات ہیں۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر الرٹ ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت، امریکی ارکان پارلیمنٹ بھی بول پڑے


امریکی ارکان کانگریس کے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں نسل کشی پر جینو سائیڈ واچ کے الرٹ پر تشویش ہے۔ صورتحال سے پاک بھارت تعلقات مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ وادی میں پابندیاں اٹھانے، صحافیوں کی رسائی کیلئے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ امریکامیں مقیم کشمیریوں سے ان کے اہل خانہ کا رابطہ کروانے کی کوشش کریں۔ مقبوضہ کشمیر کے مستقبل کیلئے وہاں کے شہریوں کی آواز کو اہمیت دیں۔