واشنگٹن: (دنیا نیوز) پاکستانی سفارتی کوششوں کے باعث امریکی کانگریس کی جنوبی ایشیا سے متعلق سب کمیٹی میں 22 اکتوبر کو مسئلہ کشمیر زیر بحث لایا جائے گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس کی ذیلی کمیٹی برائے ایشیا کے چیئرمین بریڈ شرمن نے مسئلہ کشمیرپر بحث کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،امریکی کانگریس کی ذیلی کمیٹی 22اکتوبرکومقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر بحث کرے گی۔
بریڈ شرمن کا کہنا تھا کہ بحث کے دوران کشمیرمیں سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں اور روزمرہ کے معمولات کا جائزہ لیا جائے گا، کمیٹی میں مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، خوراک اورادویات کا مسئلہ بھی زیربحث آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے حکام اورسماجی رہنماؤں کو بھی مسئلے پر اپنے خیالات کے اظہارکے لیے مدعو کیا ہے، اگست میں میری اپنے حلقے کے کشمیرسے تعلق رکھنے والے امریکیوں سے ملاقات ہوئی تھی۔
کانگریس مین بریڈ شرمن کا کہنا تھا کہ میں نے بہت تکلیف دہ کہانیاں اوراپنے پیاروں سے ملنے کیلئے بے تاب اور خوفزدہ لوگوں کی داستانیں سنیں، اس دن کے بعد سے میں کشمیری امریکیوں سے کئی ملاقاتیں کرچکاہوں۔
یاد رہے کہ 5 اگست کو آرٹیکل 370 کی منسوخی سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے مودی سرکار کے غیر آئینی اقدام پر حکومتِ پاکستان نے ہر فورم پر موثر آواز اُٹھائی اور دنیا بھر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا تھا جس پر عالمی قوتوں کی جانب سے خوش آئند ردعمل سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔