بغداد: (دنیا نیوز) عراق میں مظاہرین نے امریکی سفارتخانے کے باہر جمع ہو کر شدید احتجاج کیا اور امریکی پرچم بھی نذر آتش کیا، مظاہرین نے عراق میں امریکی فوج کی موجودگی کے خلاف نعرے بازی کی اور فوری انخلا کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین عراق اور شام کی سرحد کے قریب ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے اڈوں پر امریکی فضائی حملوں کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے۔ مظاہرین نے امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف بینر اٹھا رکھے تھے اور خطے میں امریکی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی، عراقی مظاہرین نے سفارتخانے پر دھاوا بولنے کی کوشش بھی کی۔
بغداد میں امریکی سفیر اور سفارتی عملے کو سفارت خانے سے نکال لیا گیا ہے۔ مظاہرین کو روکنے کے لیے عراقی سپیشل فورسز کے دستے مرکزی دروازے پر تعینات کر دیئے گئے تھے۔
یاد رہے چند روز قبل امریکہ کے عراق میں فضائی حملے کے دوران ایران نواز ملیشیا کے 2 درجن سے زائد اہلکار مارے گئے تھے جس پر عراقی حکومت نے امریکہ سے احتجاج بھی کیا تھا اور اس حملے کو عراقی خودمختاری پر حملہ قرار دیا تھا۔