امریکا کی ایرانی قدس فورس کے نئے سربراہ کو بھی قتل کی دھمکی

Last Updated On 25 January,2020 10:04 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے ایران کی قدس فورس کے نئے سربراہ کو بھی قتل کرنے کی دھمکی دے دی، امریکی نمائندہ خصوصی برائے ایران نے خبردار کیا کہ عیسیٰ قانی نے اگر واشنگٹن کے مفادات کو نقصان پہنچایا تو ان کا انجام بھی قاسم سلیمانی جیسا ہو گا۔

مشرق وسطیٰ میں مزید کشیدگی کا خطرہ، امریکا نے قدس فورس کے نئے سربراہ کو بھی قتل کی دھمکی دے دی، امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے ایران برائن ہک کا عربی اخبار کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ اگر اسماعیل قانی نے اپنے پیش رو کے راستے پر چلتے ہوئے امریکی افواج یا مفادات کو نشانہ بنایا تو ان کا بھی قاسم سلیمانی جیسا انجام ہو گا۔

برائن ہک نے کہا کہ قاسم سلیمانی کے قتل سے ایسی خلیج پیدا ہو گئی جس کو بھرنا ایران کے بس میں نہیں، 3 جنوری کو ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر ڈرون حملے میں ایرانی قدس فورس کے سربراہ 62 سالہ جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کر دیا گیا تھا۔