پاکستان اچھا دوست، تعلقات بہت ہی شاندار ہیں: ٹرمپ کا بھارت میں خطاب

Last Updated On 25 February,2020 03:50 pm

احمد آباد: (ویب ڈیسک) بھارتی دورے پر موجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کیساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، اسلام آباد اچھا دوست ہے جس کیساتھ تعلقات بہت ہی شاندار ہیں۔

بھارتی دورے کے موقع پر ریاست گجرات کے سب سے بڑے شہر احمد آباد میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں، جس کا سرا ان کوششوں کو جاتا ہے، اسلام آباد کے ساتھ بڑی پیش رفت کے آثار دیکھنا شروع ہوگئے ہیں اور کشیدگی میں کمی، وسیع استحکام اور جنوبی ایشیا کی تمام اقوام کے لیے بہتر مستقبل کے لیے پرامید ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب سے قبل بھارتی شائقین اونچی اونچی آوازیں لگا رہے تھے تاہم امریکی صدر کی طرف سے پاکستان کی تعریف کرنے کے بعد بھارتیوں کو سانپ سونگھ گیا اور سب کے سب خاموش ہو گئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اور بھارت دہشت گردوں کو روکنے اور ان کے نظریے سے لڑنے کے لیے پرعزم ہیں، جب سے دفتر سنبھالا ہے میری انتظامیہ پاکستان کے ساتھ بہت مثبت انداز میں کام کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان اور صدر ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ،اہم ایشوز پر گفتگو

واضح رہے کہ احمد آباد میں ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد پر ان کے سیاسی کیریئر کی سب سے بڑی ریلی کے لیے دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک لاکھ سے زائد افراد موجود تھے۔

اپنی تقریر کے آغاز میں ان کا کہنا تھا کہ 8 ہزار میل سفر کرکے یہ پیغام دینے آئے ہیں کہ بھارت کیساتھ لگاؤ ہے، بھارت کو ڈرون سے لیکر ہیلی کاپٹر اور میزائل سسٹم تک دفاعی ساز و سامان فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کیساتھ ملاقات، عمران خان کا مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے امریکی کردار کی ضرورت پر زور

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اور نئی دہلی کے درمیان خلائی تعاون کو بڑھانے کے منتظر ہیں، دونوں فریقین کے درمیان ناقابل یقین تجارتی معاہدہ حتمی مراحل میں ہے۔

ریلی سے خطاب میں انہوں نے انتہا پسندوں پر حملے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ میری انتظامیہ میں ہم نے داعش کے قاتلوں پر امریکی فوج کو مکمل اختیار دیا اور آج داعش کی علاقائی خلافت 100 فیصد تباہ ہوچکی، انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ  البغدادی مرچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مودی سے کہیں کشمیر سے کرفیو اٹھائے، وزیراعظم عمران خان کا صدر ٹرمپ سے مطالبہ

تاہم امریکی صدرنے اپنے خطاب میں بھارت میں شہریت ترمیمی قانون پر ہونے والے احتجاج پر کوئی بات نہیں کی۔

واضح رہے کہ بھارت کی ہندوقوم پرست حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے لاگو کیے گئے متنازع شہریت قانون پر بھارت بھر میں احتجاج جاری ہے، جس میں متعدد افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں جبکہ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ اس قانون کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔

یاد رہے کہ اس قانون کے تحت 31 دسمبر 2014 سے قبل 3 پڑوسی ممالک سے بھارت آنے والے ہندوؤں، سکھوں، بدھ متوں، جینز، پارسیوں اور عیسائیوں کو بھارتی شہریت دی جائے گی جبکہ مسلمانوں کو اس میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صرف امن کے شراکت دار،ٹرمپ کو بتا دیا ایران کیساتھ جنگ تباہ کن ہو گی: وزیراعظم

ریلی سے خطاب میں بھارت کی تعریف کے گن گاتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وہ بھارت کی قابل ذکر مہمان نواز یاد رکھیں گے، بھارت ہمارے دلوں میں ایک خصوصی جگہ رکھتا ہے۔

دوران خطاب امریکی صدر نے کہا کہ پورے کرہ ارض کے لوگ بھارتی فلمیں، بھنگڑا اور کلاسیکل فلمیں جیسے دل والے دلہنیا لے جائیں گے اور شعلے دیکھ کر بہت لطف اندوز ہوتے ہیں، آپ سچن ٹندولکر اور ویرات کوہلی جیسے عظیم کرکٹر سے خوش ہوتے ہیں۔