ٹرمپ کیساتھ ملاقات، عمران خان کا مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے امریکی کردار کی ضرورت پر زور

Last Updated On 22 January,2020 05:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے امریکی کردار کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں جبکہ دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں اطراف نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔ وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے امریکی کردار کی ضرورت پر زور دیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات میں صدر ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے خواہش کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان اور صدر ٹرمپ نے افغان مفاہمتی امن عمل سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر عمران خان نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی کے لئے صدر ٹرمپ کو پاکستانی کوششوں سے آگاہ کیا اور امریکا، ایران کشیدگی میں کمی کیلئے برداشت کا مظاہرہ اور سفارتی چینل کے استعمال پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش
 

Advertisement