وعدوں پرعمل نہ ہوا تو معاہدہ ختم کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرینگے: امریکا

Last Updated On 29 February,2020 07:47 pm

دوحہ: (ویب ڈیسک) امریکا کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے وعدوں پر عمل نہیں کیا تو معاہدے کو ختم کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرینگے۔

امریکا طالبان امن معاہدے کے بعد امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے کہا کہ اگر افغان طالبان امن و امان کی ضمانتوں اور افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کے وعدے پر عمل درآمد نہیں کرتے تو ہم اس تاریخی معاہدے کو ختم کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کابل میں موجود مارک ایسپر کا کہنا تھا کہ اگر طالبان اپنے وعدوں پر پورا نہیں اترتے تو وہ اپنے ہم وطن افغانوں کے ساتھ بیٹھنے اور اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع کھو دیں گے۔

معاہدے پر دستخط کے بعد دوحہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ افغان طالبان القاعدہ کے ساتھ تمام روابط ختم کرنے کا وعدہ پورا کریں۔ افغان عوام کی حقیقت میں جیت تب ہو گی جب وہ امن سے رہ سکیں گے۔

مائیک پومپیو نے پاکستان کے امن معاہدے میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن لانے کے لیے آئندہ بھی پاکستان اپنا کردار ادا کرے۔ امریکا آئندہ بھی افغانستان میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

امریکی وزیر خارجہ نے افغان عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امن کی کوششوں کو خراب کرنے والے عوامل کو مسترد کرنا ہوگا۔

اس سے قبل امن معاہدہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومیو کا کہنا تھا کہ آج امن کی فتح ہوئی ہے لیکن افغانوں کی اصل فتح تب ہوگی جب افغانستان میں امن و سلامتی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان اور امریکی فورسز نے مل کر قیام امن کے لیے کام کیا ہے۔ امن کے بعد افغانوں نے اپنے مستقبل کا تعین کرنا ہے۔ ’امریکہ اور طالبان دہائیوں کے بعد اپنے تنازعات کو ختم کر رہے ہیں۔ تمام افغانوں کو امن اور خوشحالی کے ساتھ رہنے کا حق ہے۔

تقریب کے دوران انہوں نے افغانستان میں قیام امن کے لیے خلیل زاد زلمے کے کرداد کی بھی تعریف کی۔
 

Advertisement