جنوبی افریقا: کورونا کے باعث نوزائیدہ بچہ چل بسا

Last Updated On 21 May,2020 07:40 pm

کیپ ٹاؤن: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا سے ایک افسوسناک خبر آئی ہے جہاں پر کوروناوائرس کے باعث نوزائیدہ بچہ زندگی کی بازی ہار گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دو دن کا بچہ جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والا سب سے چھوٹا بچہ بن گیا ہے۔ بچہ کورونا وائرس کی ایک مریضہ کے ہاں وقت سے پہلے پیدا ہوا تھا۔ یہ ملک کی پہلی نیو نیٹل یا نو زائیدہ بچے کی ہلاکت ہے۔

وزیرِ صحت زویلی ایمخیزے کا کہنا ہے کہ وقت سے پہلے پیدا ہونے والے بچے کو پھیپھڑوں کا مسئلہ تھا اور اسے پیدائش کے فوراً بعد وینٹیلیشن کی ضرورت پڑی تھی۔

انھوں نے کہا کہ ماں کا کووڈ۔19 مثبت آیا تھا اور اسکے بعد بچہ میں بھی مثبت ہی آیا۔ یہ اہم ہے ہم وقت سے پہلے پیدا ہونے کی پیچیدگیوں کے پیچھے حالات کو سمجھیں۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا برِ اعظم افریقا میں وہ ملک ہے جہاں کورونا وائرس کی سب سے زیادہ انفیکشن پائی جاتی ہے، بدھ کو ہی وہاں وائرس کی وجہ سے 27 افراد ہلاک ہوئے۔ اس طرح اب تک ہونے والی کل ہلاکتوں کی تعداد 339 ہو گئی ہے۔ ملک میں 803 نئے مریضوں کے بعد اب کورونا وائرس سے انفیکٹ ہونے والوں کی کل تعداد 18 ہزار 3 ہو گئی ہے۔