واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا بھر میں ہونے والے مظاہرے 7 ویں روز میں داخل ہو گئے، جلاؤ گھیراؤ کے بعد 15 ریاستوں میں نیشنل گارڈز کا گشت جاری ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سیاہ فام جارج فلوئیڈ کی موت گردن پر دباؤ کے باعث دم گھٹنا قرار دی گئی ہے۔
امریکا بھر میں سیاہ فام شخص کی ہلاکت پر ساتویں روز بھی پرتشدد مظاہرے جاری ہیں، واشنگٹن اور نیویارک میں جھڑپوں کے دوران اکتالیس پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ نیویارک شہر میں کرفیو نافذ کردیا گیا جبکہ واشنگٹن ڈی سی میں بھی رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک کر فیو رہے گا، 15 ریاستوں میں نیشنل گارڈز کا گشت جاری ہے۔
میامی سمیت کئی شہروں میں لوٹ مار کا سلسلہ بھی جاری ہے، پولیس نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی، ادھر پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سیاہ فام جارج فلوئیڈ کی موت کی وجہ دم گھٹنا قرار دی گئی ہے۔