بیجنگ: (دنیا ن یوز) چین نے بھارت کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے سنگین سرحدی خلاف ورزیاں کیں، وادی گلوان میں ہمیشہ سے ہمارا کنٹرول رہا ہے، بھارت اپنے فوجیوں کو قابو میں رکھے۔
بیجنگ میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چین وادی گلوان میں ہونے والی سرحدی جھڑپ کا ذمہ دار نہیں، بھارتی فوجیوں نے سرحدی معاملات پر ان کے پروٹوکول اور کمانڈرز کی سطح کے مذاکرات پر طے شدہ اتفاقِ رائے کی سنگین خلاف ورزیاں کیں۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ چین مزید تنازعات نہیں چاہتا، چینی فوج کے ترجمان نے بھارت کو کہا ہے کہ وہ اپنے فوجیوں کو قابو میں رکھے اور تنازع کے خاتمے کے لیے بات چیت کے درست راستے پر آگے بڑھے۔
واضح رہے گذشتہ روز لداخ میں چینی اور بھارتی فوجیوں کے مابین جھڑپ کے دوران ہندوستانی کرنل سمیت 20 سپاہی مارے گئے تھے جس پر بھارت میں سوگ کی سی کیفییت ہے اور کشمیر کے معاملے پر پاکستان کو سرجیکل سٹرائیک کی دھمکیاں دینے والے نریندر مودی کو سانپ سونگھ گیا ہے، بھارتی میڈیا مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنا رہا ہے۔