برطانیہ: پولیس نے جرائم پیشہ گروہ کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا، دس ارب روپے کیش، ڈیڑھ ٹن کوکین برآمد

Last Updated On 02 July,2020 07:22 pm

لندن: (دنیا نیوز) برطانوی پولیس نے جرائم پیشہ گروہ کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا ہے، ملزمان سے تقریباً دس ارب روپے کیش اور ڈیڑھ ٹن کوکین برآمد ہوئی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی پولیس نے جرائم پیشہ گروہ کا بڑا نیٹ ورک گرفتار کر لیا ہے،پولیس نے پہلے جرائم پیشہ گروہ کے خفیہ پیغامات تک رسائی حاصل کی، گروپ میں شامل 746 افراد کو اب تک گرفتار کیا جاچکا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ملزماں سے 5 کروڑ 40 لاکھ پاؤنڈز (دس ارب روپے سے زائد) کیش اور ڈیڑھ ٹن کوکین بھی برآمد کی گئی، ملزموں کے قبضے سے 80 آتشیں اسلحہ، سب مشین گن، 4 گرینیڈز اور 1800 گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ایک لیبارٹری کو بھی سیل کیا گیا جہاں منشیات پراسس کیے جاتے تھے، لیبارٹری سے دو کروڑ 80 لاکھ نشہ آور گولیاں اور دو ٹن کے قریب دیگر منشیات ملیں، جرائم پیشہ گروہ میں کئی ایسے امیر افراد بھی شامل جو خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے تھے۔

Advertisement