واشنگٹن: (دنیا نیوز) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہانگ کانگ کے ساتھ ترجیحی سلوک ختم کرنے کے حکم نامے پر دستخط کر دیئے، انہوں نے ایک بار پھر عالمی ادارہ صحت کو چین کی کٹھ پتلی قرار دے دیا۔
وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے استفسار کیا کہ امریکہ عالمی ادارہ صحت کو چین سے زیادہ پیسے کیوں دے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ چین امریکیوں کی ذاتی معلومات بھی چوری کرنا چاہتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہانگ کانگ کے ساتھ بھی اب چین ہی کی طرح سلوک کیا جائے گا، چین نے بھی انتقامی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کے عہد صدارت میں چین کے ساتھ اختلافات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، چین امریکہ کے مابین تجارتی جنگ بھی صدر ٹرمپ کے دور میں شروع ہوئی۔ کورونا پھیلا تو ٹرمپ نے اس کو چینی وائرس کہنا شروع کر دیا، صدر ٹرمپ کے اس غیر سنجیدہ رویئے کی عالمی ادارہ صحت کی جانب سے مذمت کی گئی تو ٹرمپ نے عالمی ادارے کے ساتھ تنازع کھڑا کر لیا۔