سپین کے شہر بارسلونا میں آتشزدگی کے نتیجے میں تین پاکستانی جاں بحق

Published On 14 August,2020 04:58 pm

بارسلونا: (ویب ڈیسک) شمال مشرقی ہسپانوی شہر بارسلونا میں آتشزدگی کے نتیجے میں تین پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے واقعے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے۔

پولیس ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا یہ آگ شہر کے بارسلونیٹا ضلع میں ایک عمارت کے تہہ خانے میں صبح سویرے لگی جس میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والے تینوں افراد کا تعلق پاکستان سے تھا ۔

جاں بحق ہونیوالے مظہر سلیم اور ابو سفیان کی عمریں 20 سے 30 سال کے درمیان جبکہ سرفراز احمد کی عمر 40 سال کے قریب تھی اور مرنے والوں میں وہی شادی شدہ تھا، سرفراز احمد کے تین بچے اور اہلیہ پاکستان میں رہائش پذیر ہیں۔

میئر کے دفتر نے بتایا کہ واقعے میں چار زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ بارسلونا کیٹالونیا خطے کا معاشی مرکز ہے اور جہاں تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد مکین ہے۔

رواں ماہ کے آغاز سے اب تک دنیا بھر میں آتشزدگی کے کئی بڑے واقعات رو نما ہوچکے ہیں جن میں سب سے زیادہ تباہ کن بیروت میں ہونے والا دھماکا تھا۔

3 سے 6 اگست کے درمیان 7 ممالک میں آگ لگی جبکہ چین اور بیروت میں ہونے والے دھماکوں میں مالی نقصان کے ساتھ ساتھ جانی نقصان بھی ہوا۔

جن ممالک میں یہ واقعات پیش آئے ان میں چین، لبنان، فرانس، شمالی کوریا، عراق، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب شامل ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 2 دسمبر 2019 کو وادی اردن میں زرعی زمین پر عارضی رہائش گاہوں پر لگنے والی آگ کے نتیجے میں 8 بچوں سمیت 13 پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔

اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے شہر العین میں ایک گھر میں آگ لگنے کے واقعے میں 6 پاکستانی جاں بحق ہوگئے تھے۔