بیجنگ: (دنیا نیوز) چین اور بھارت میں لداخ کا محاز پھر گرم ہو گیا، چینی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے پینگ گانگ جھیل کے علاقے میں چینی فوجیوں پر فائرنگ کی ہے، بھارتی اقدام اکسانے کی کوشش ہے۔
ترجمان چینی فوج نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے ایک بار پھر ایل اے سی غیر قانونی طور پر عبور کی اور چینی سرحد پر گشت کرنے والے فوجیوں پر فائرنگ کی۔ چینی فوج نے صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لیے جوابی کارروائی کی، ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت صورتحال کو پیچیدہ نہ بنائے۔
واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں کی جانب سے چین کے ساتھ سرحد پر متعدد بار چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی گئی ہے، چین نے تحمل سے کام لیتے ہوئے مسئلہ مذاکرات سے حل کرنے پر زور دیا ہے تاہم رواں سال 15 جون کو چین نے چاروناچار اس وقت بھارت کو بھرپور جواب دیا جب ہنو سورماوں نے سرحدی حدود کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی۔ چینی فوجیوں نے بھارتی سورماوں کی اسلحہ استعمال کئے بغیر ہی ایسی مرمت کی کہ 20 ہندوستانی فوجی ہلاک وہ گئے۔
بھارت نے اپنے فوجی مرنے پر خوب واویلا کیا تاہم چین کے عالمی قوانین کے مطابق ردعمل نے بھارت کو خاموش کروا دیا۔ اس مرتبہ پھر بھارت نے سرحدی خلاف ورزی کرتے ہوئے چینی فوجیوں پر فائرنگ کی ہے جس کا چین نے پہلے کی طرح مدبرانہ طرز عمل اپناتے ہوئے کسی جنگی کارروائی کی بجائے بھارتی کارروائی کو اکسانے کا اقدام قرار دیا ہے۔