سکرین میں کیمرے والا سمارٹ فون فروخت کیلئے پیش

Published On 05 September,2020 04:14 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کی ٹیکنالوجی کمپنی زیڈ ٹی ای نے اعلان کیا ہے کہ نیا سمارٹ فون ’’زیڈ ٹی ای ایگزون 20 فائیو جی‘‘ اسی مہینے میں فروخت کےلیے پیش کردیا جائے گا۔ فائیو جی ٹیکنالوجی سے لیس ہونے کے علاوہ، یہ دنیا کا وہ پہلا سمارٹ فون بھی ہوگا جس کی سکرین کے اندر ہی ایک فرنٹ کیمرا نصب کیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق سمارٹ فون سکرین کے اندر کیمرا سمونے کےلیے پانچ الگ الگ ٹیکنالوجیز کو یکجا کیا گیا ہے جو الگورتھم سے لے کر ڈسپلے ڈیزائن تک پھیلی ہوئی ہیں۔

سکرین میں نصب یہ کیمرا 2 میگا پکسل جتنی تصویر کھینچ سکے گا جسے موبائل فوٹوگرافی میں موجودہ رجحانات مدنظر رکھتے ہوئے ’’قابلِ قبول‘‘ قرار دیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ دوسری کئی موبائل کمپنیاں بھی اسمارٹ فون اسکرین کے اندر کیمرا نصب کرنے کی ٹیکنالوجی پر کام کررہی ہیں لیکن زیڈ ٹی ای نے ایسا پہلا موبائل فروخت کےلیے پیش کرکے سبقت حاصل کرلی ہے۔

موبائل ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹس سے پتا چلا ہے کہ ’’ایگزون 20 فائیو جی‘‘ سمارٹ فون 10 ستمبر 2020 تک مارکیٹ میں دستیاب ہوگا جس کی قیمت 55 ہزار سے 70 ہزار پاکستانی روپوں کے درمیان ہوگی۔

Advertisement