واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی، دونوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا، صدر نے تمام مصروفیات منسوخ کر دیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ ان میں اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ٹویٹ میں انھوں نے لکھا کہ خاتونِ اول اور وہ دونوں ہی فوراً قرنطینہ اور بحالی کا مرحلہ شروع کریں گے۔
Tonight, @FLOTUS and I tested positive for COVID-19. We will begin our quarantine and recovery process immediately. We will get through this TOGETHER!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) October 2, 2020
ٹرمپ کی مشیر اور قریبی ساتھی ہوپ ہکس میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد صدر ٹرمپ اور خاتون اوّل میلانیا کے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آئے، ہوپ نے ایک ہفتہ قبل ان کے ساتھ ایئر فورس ون پر سفر کیا، وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ہیلی کاپٹر مرین ون میں بھی سوار ہوئیں، 31 سالہ ہوپ ہکس صدر کی ٹیم میں سب سے قریبی اہلکار ہیں۔
Hope Hicks, who has been working so hard without even taking a small break, has just tested positive for Covid 19. Terrible! The First Lady and I are waiting for our test results. In the meantime, we will begin our quarantine process!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) October 2, 2020
ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ وہ اور میلانیا ہوپ کے ساتھ کافی وقت گزار چکے ہیں۔ صدر ٹرمپ کو ماسک پہننا پسند نہیں وہ سرکاری تقاریب میں اہلکاروں یا دیگر افراد کے ساتھ بغیر ماسک پہنے نظر آتے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق منی سوٹا سے واپسی پر ہوپ ہکس میں کورونا کی علامات ظاہر ہونا شروع ہو گئی تھیں اور انھیں اسی وقت طیارے میں ہی قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔
کورونا وائرس سے امریکا میں اموات کی تعداد 2 لاکھ 12 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ مریضوں کی تعداد 75 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔