امریکی صدارتی انتخاب میں 11 دن باقی، ٹرمپ اور بائیڈن کے آخری مباحثے کیلئے سٹیج سج گیا

Published On 22 October,2020 10:08 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں صدارتی انتخابات میں گیارہ دن باقی رہ گئے۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے ان کے خلاف باتیں کرنے والے پچھلی مرتبہ بھی ہار گئے تھے، سابق امریکی صدر براک اوباما نے کہا کہ ٹرمپ نے اپنے علاوہ کسی کے لیے کام نہیں کیا ۔امریکی شہر"نیش ول" میں کل ٹرمپ اور بائیڈن کے درمیان آخری مباحثے کے لیے اسٹیج سج گیا۔

امریکی صدارتی انتخابات میں گہما گہمی تیز ہو گئی، شمالی کیرولینا میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوباما کو براک حسین اوباما پکارتے ہوئے کہا کہ گذشتہ انتخابات میں وہ تو کہتے تھے کہ ٹرمپ کو نامزد بھی نہیں کیا جاسکتا لیکن میں صدر بن گیا۔

فلا ڈلفیا میں ڈرائیوان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق امریکی صدر باراک اوباما نے کہا کہ ٹرمپ نے اپنے علاوہ کسی کے لیے کام نہیں کیا، وہ ہر روز جھوٹ بولتے ہیں کیا یہ امریکا کی جمہوریت ہے۔

امریکی شہر"نیش ول" میں کل ٹرمپ اور بائیڈن کے درمیان آخری ٹی وی مباحثہ ہو گا جس کے دوران ایک امیدوار کے جواب دینے کے دو منٹ کے وقت میں دوسرے امیدوار کا مائیکروفون بند رہے گا۔

دوسری جانب امریکا نے ایران اور روس پر صدارتی انتخابات میں مداخلت کا الزام لگا دیا۔ ایف بی آئی حکام کا کہنا ہے کہ ایران نے ڈیموکریٹک ووٹرز کو دھمکی آمیز ای میلز کیں، روس نے ووٹرز کے اندراج کی معلومات حاصل کیں۔