شمالی کوریا کا ایک اور نئے سٹریٹجک کروزمیزائل کا تجربہ

Published On 29 January,2024 09:28 am

سیئول : (ویب ڈیسک ) شمالی کوریا نے ایک ہفتے میں دوسری بار اپنے نئے سٹریٹجک کروز میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق تیار کردہ میزائل کا تجربہ آبدوز سے کیا گیا، شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان نے تجربے کا معائنہ کیا۔

شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ میزائل نے 2 گھنٹوں تک ملک کے مشرقی ساحل سے سمندر کے اوپر پرواز کرتے ہوئے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ میزائل تجربہ فوج کو جدید بنانے کے لیے سٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے اور اس کا مقصد ملک کو ایک طاقتور بحری قوت بنانا ہے۔

شمالی کوریا بارہا یہ باور کراتا رہا ہے کہ وہ خطے میں کسی بھی وقت شروع ہونے والی جنگ کی تیاریوں کے سلسلے میں اپنی فوجی صلاحیت میں اضافہ کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ حالیہ مہینوں میں اپنی پالیسی کی سمت اور بیان بازی میں تیزی سے جارحانہ انداز اختیار کر رہے ہیں جس کی وجہ سے کئی معاہدے ختم بھی ہوئے ہیں ۔

واضح رہے کہ سلامتی کونسل نے 2006 میں شمالی کوریا کے پہلے جوہری تجربے کے بعد اس پر پابندیاں عائد کی تھیں۔