ہزاروں فرزندان اسلام مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں اعتکاف بیٹھ گئے

Published On 30 March,2024 07:16 am

ریاض: (دنیا نیوز) دین اسلام کے سب سے مقدس مقامات مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ شریف میں ہزاروں افراد آج اعتکاف پر بیٹھ گئے۔

تفصیلات کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ شریف میں ہزاروں افراد نماز عصر کے بعد اعتکاف پر بیٹھ گئے، معتکفین میں سعودی شہریوں کے علاوہ مملکت کے مختلف علاقوں میں روزگار کیلئے مقیم تارکین وطن اور عمرہ و زیارت کیلئے آنیوالے افراد شامل ہیں۔

مسجد الحرام میں تین ہزار افراد اعتکاف کریں گے جن میں 2500 مرد اور 500 خواتین شامل ہیں، اعتکاف کیلئے رجسٹریشن کا آغاز رمضان شروع ہونے کے ساتھ ہو گیا تھا، حرمین شریفین اتھارٹی کی جانب سے مسجد الحرام میں اعتکاف کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

ادارہ امور رہنمائی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اعتکاف کیلئے مخصوص جگہ کو معتکفین کے استقبال کے تیار کیا گیا، اعتکاف کرنے والوں کو روزانہ تین کھانے فراہم کیے جائیں گے جو صحت کے معیار اور ضوابط کے مطابق تیار ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ معتکفین کو ایک کمبل، تکیہ، ذاتی استعمال کی اشیاء اور سلیپنگ ماسک فراہم کیا جائے گا، اعتکاف کے دوران مرد اور خواتین کیلئے طبی مراکز بھی قائم کیے گئے، اجازت نامے کے بعد ہر معتکف کا ذاتی سامان رکھنے کیلئے ایک لاکر مخصوص کر دیا گیا۔

ادارہ امور رہنمائی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ آخری عشرے میں معتکفین کیلئے مختص جگہ پر علمی دروس، قرآنی حلقوں اور رہنمائی کے وسائل کی فراہمی کا اہتمام بھی کیا گیا۔

دوسری جانب مسجد نبویؐ میں تقریباً 4 ہزار کے قریب مرد و خواتین اعتکاف کریں گے، معتکفین کیلئے سحری اور افطاری میں طعام اور مشروبات کا بندوبست کیا جائے گا، معتفکین کو طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، اس کے علاوہ کئی زبانوں میں دینی دروس کی رہنمائی دی جائے گی۔