ایرانی وزیر خارجہ اگلے ہفتے اہم دورے پر امریکا روانہ ہوں گے

Published On 11 April,2024 07:43 am

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اگلے ہفتے امریکا کے اہم دورے پر نیویارک پہنچیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اگلے ہفتے 18 اپریل کو امریکا جائیں گے، اپنے دورے کے دوران امریکا میں سلامتی کونسل کے طلب کیے گئے اجلاس میں شریک ہوں گے، اجلاس خصوصی طور پر غزہ میں نسل کشی پر منعقد ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کو جلد بازی میں نہیں ٹھیک وقت پر جواب دینگے: کمانڈر ایرانی پاسداران انقلاب

رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کا 9 ماہ کے دوران یہ نیویارک کا تیسرا دورہ ہو گا، اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے بھی حسین امیر عبداللہیان کے دورے کی تصدیق کر دی ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ کا مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی اور اسرائیل کے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے بعد یہ غیر معمولی دورہ ہے، دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر اسرائیلی حملے میں پاسداران انقلاب کے دو سینئر کمانڈر جاں بحق ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران نے کارروائی کی تو اس پر براہ راست حملہ کر دیں گے: اسرائیل کی دھمکی

ایران کی جانب سے اسرائیلی حملے کا جواب دینے کا اعلان کرنے کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو چکا ہے، امریکا اور اسرائیل دونوں نے ممکنہ ایرانی جواب کیلئے خود کو الرٹ پر رکھا ہوا ہے تاہم امریکا اسرائیلی حملے میں ملوث ہونے کی تردید کرتا ہے۔
 

Advertisement