تہران: (دنیا نیوز) ایرانی پاسدران انقلاب نے کہا ہے کہ اسرائیل کو سفارتخانے پر حملے کا جواب دینے میں جلد بازی سے کام نہیں لیں گے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈر نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے کا جواب دینے میں عاجلانہ بوکھلاہٹ سے کام نہیں لیں گے، ایران اسرائیل کو جواب دینے کیلئے نپا تلا اور سوچا سمجھا وار کرے گا، جلد بازی میں کارروائی نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: جیش العدل کا ایرانی پولیس کی دو گاڑیوں پر حملہ،6 اہلکار شہید
پاسدران انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری نے کہا ہے کہ ہمارے محبوب سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے جیسا کہ کہا ہم اسرائیل کو جواب دیں گے، مگر جذباتی ہو کر اور بوکھلائے ہوئے انداز میں نہیں بلکہ خوب سوچ سمجھ کر نپا تلا جواب دیں گے، ہم ایسے نہیں کہ جواب نہ دیں مگر ٹھیک وقت پر اور اللہ نے چاہا تو بہت ٹھیک جواب دیں گے۔
قبل ازیں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا تھا کہ اسرائیل کو شام میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کی سزا مل کر رہے گی، قونصل خانے پر حملہ ایران کی سرزمین پر حملہ کرنے کے مترادف ہے، شیطانی رجیم نے یہ بہت بڑی غلطی کی ہے اسے اس کی سزا بھگتنا ہو گی۔