غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں سے عالمی امن کو خطرات درپیش ہیں: سپین

Published On 11 April,2024 05:50 am

میڈرڈ: (ویب ڈیسک) امریکا اور دیگر کئی ممالک کے بعد سپین نے بھی غزہ میں اسرائیل کارروائیوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جنگی کارروائیوں سے عالمی امن کو خطرات درپیش ہیں۔

گزشتہ روز ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے سپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے غیر متناسب اور حد سے زیادہ جنگی کارروائیوں کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ کو عدم استحکام کا سامنا ہے اور کشیدگی کے خطرات بڑھا دیئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا کو بھی اسرائیل کی غزہ میں جنگ کی وجہ سے سخت مضمرات کا سامنا کرنا ہو گا، بین الاقوامی برادری کی طرف سے فلسطینیوں کی حمایت کا زبانی کلامی حمایت کا کچھ فائدہ نہیں جب تک فلسطینیوں کی آزاد ریاست کو تسلیم نہیں کیا جاتا۔

واضح رہے کہ سپین واحد یورپی ملک ہے جس نے فلسطینی آزاد ریاست کیلئے عالمی سطح پر حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے حالیہ دنوں اردن، قطر اور سعودی عرب کے دورے کئے، دوروں کے دوران عندیہ دیا کہ سپین فلسطینی ریاست کو تسلیم کر سکتا ہے۔

سپین کے وزیر اعظم نے گزشتہ ماہ آئر لینڈ، مالٹا اور سلووینیا کے ساتھ ایک اعلامیہ پر دستخط کیے ہیں کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا جائے گا، وزیر اعظم پیڈرو سانچیز اگلے ہفتے سے یورپی یونین کے دوسرے ارکان سے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کیلئے ملاقاتیں کریں گے۔
 

Advertisement