غزہ اور سوڈان کے متاثرین کا سوچ کر عید پر دل ٹوٹا ہوا ہے: گوتریس

Published On 11 April,2024 04:44 am

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ غزہ اور سوڈان کے متاثرین کا سوچ کر عید اچھی طرح سے نہیں منائی جا سکتی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عید الفطر کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید پر غزہ اور سوڈان کے متاثرین کی بھوک اور کسمپرسی کا سوچ کر دل ٹوٹا ہوا ہے، اس بار عید اچھے طریقے سے نہیں منائی جا سکتی۔

دوسری جانب غزہ میں عیدالفطر پر بھی اسرائیل کی بمباری جاری ہے، عید کے روز ہونے والے حملوں کے نتیجے میں 125 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے ہیں، شہید ہونے والوں میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کے 3 بیٹے اور 3 پوتے شامل ہیں۔

بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بیٹے حازم، عامر اور محمد شمالی غزہ میں واقع پناہ گزین کیمپ میں اپنے عزیز و اقارب سے عید مل رہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا، بیٹوں کے ساتھ پوتے بھی بمباری کی زد میں آکر شہید ہوئے ہیں۔

اسماعیل ہانیہ نے مزید کہا ہے کہ میرے بچوں کا خون فلسطینی عوام کے بچوں کے خون سے زیادہ قیمتی نہیں ہے، میرے خاندان پر حملہ اسرائیل کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے، اہلخانہ کو نشانہ بنائے جانے کے باوجود پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
 

Advertisement