ملتان کے نشتر میڈیکل کالج ہسپتال میں مبینہ غفلت، خاتون مریضّہ جاں بحق

Published On 20 December,2025 02:44 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کے نشتر میڈیکل کالج ہسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کے باعث ایک مریضّہ دورانِ علاج جان کی بازی ہار گئی۔

مریضّہ کو معدے کے مرض کے باعث ہسپتال لایا گیا تھا جہاں علاج کے دوران ان کی حالت بگڑ گئی تاہم مریضّہ کے لواحقین نے ڈاکٹرز پر غفلت برتنے کا الزام عائد کیا ہے۔

جاں بحق ہونے والی خاتون کے بیٹے کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے خون کے انتظام کا کہا تھا تاہم والدہ کو بروقت خون نہیں لگایا گیا جس کے باعث ان کی جان چلی گئی، واقعے کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے ویڈیو بنانے کے دوران نامناسب اشارہ کرنے والے ہاؤس آفیسر ڈاکٹر کو معطل کر دیا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور متاثرہ خاندان کو یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے کہ اگر ڈاکٹرز غفلت کے مرتکب پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔