بلوچستان میں قدرتی طور پر رپورٹ ہیپاٹائٹس کے کیسز کی تعداد بڑھنے لگی

Published On 18 December,2025 03:03 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام بلوچستان کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر امیر علی بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں قدرتی طور پر رپورٹ ہونے والے ہیپاٹائٹس کے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام بلوچستان کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر امیر علی بگٹی نے کہا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کو خاموش قاتل کہا جاتا ہے، لیکن بروقت تشخیص کے ذریعے اسے شکست دی جا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2023ء سے 2024ء کے دوران بلوچستان میں 1 لاکھ 32 ہزار 300 افراد کی سکریننگ کی گئی، جس میں 8 ہزار 6 سو 17 افراد ہیپاٹائٹس بی اور 5 ہزار 8 سو 17 افراد ہیپاٹائٹس سی میں مبتلا پائے گئے، سال 2024ء سے 2025ء کے دوران مفت بی سی آر سہولت فراہم کی گئیں۔

ڈاکٹر امیر علی بگٹی نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس بی کے کیسز بڑھ کر 10 ہزار 2 سو 25 جبکہ ہیپاٹائٹس سی کے کیسز بڑھ کر 5 ہزار 8 سو 17 تک پہنچ گئے ہیں، 3 برسوں میں ہیپاٹائٹس ڈی کے 2 ہزار سے زائد مریضوں کو مفت علاج کیا جا چکا ہے،

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے 36 اضلاع میں ہیپاٹائٹس سینٹرز قائم کیے جا چکے ہیں، صوبے کی 12 جیلوں میں قیدیوں اور جیل عملے کی سکریننگ کی گئی جہاں ہیپاٹائٹس بی کے 61، ہیپاٹائٹس سی کے 93 کیسز رپورٹ ہوئے۔