اسرائیلی فورسز کی سفاکیت جاری، مزید 153 فلسطینی شہید،60 زخمی

Published On 09 April,2024 07:13 pm

غزہ :(دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں میں مزید 153 فلسطینی شہید،60 زخمی ہو گئے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے غزہ شہر کے زیتون محلے میں گھروں پر بمباری کی ، جس سے درجنوں فلسطینی شہید جبکہ شمالی غزہ کے علاقے میں بھی بمباری سے متعددافراد کے شہید ہونے کی اطلاع ہے ۔

رپورٹس کے مطابق غزہ کے مشرقی علاقے میں ڈرون حملے میں ایک فلسطینی شہید ہوا اور متعدد زخمی ہوئے، صیہونی فورسز نے غزہ کے شجاعیہ، صابرہ، تل الحوا اور شیخ عجلین کے محلوں پر شدید گولہ باری بھی کی ۔

یاد رہے غزہ میں شہداء کی مجموعی تعداد 33ہزار 360 ہوگئی جبکہ 75ہزار 993 افراد زخمی ہو چکے ہیں ،شہید ہونے والوں میں 14ہزار500 سے زیادہ بچے اور 9ہزار560 خواتین شامل ہیں۔

دوسری جانب فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں7ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں ، جن کے بارے میں  خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں کہ چھ ماہ کی اسرائیلی بمباری کے بعد وہ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

Advertisement