معروف اداکار جیکی چن کے انتقال کی جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر وائرل

معروف اداکار جیکی چن کے انتقال کی جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر وائرل

وائرل ہونے والی بلیک اینڈ وائٹ تصویر پر جیکی چن کا نام اور 1954ء سے 2026ء تک کے سال درج ہیں، جس سے ان کے انتقال کا تاثر دیا گیا۔ پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ 72 سالہ اداکار دنیا سے رخصت ہوگئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مذکورہ پوسٹ کو صرف پانچ گھنٹوں میں 38 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا، جو معروف شخصیات سے متعلق غیر مصدقہ خبروں کے تیزی سے پھیلنے کی ایک مثال ہے۔

جیکی چن کے انتقال کی افواہیں اس سے قبل بھی کئی مرتبہ سامنے آچکی ہیں، 2011ء میں بھی ان کے دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کی خبر گردش میں آئی تھی، جس پر ان کی ٹیم نے سرکاری فیس بک پیج کے ذریعے وضاحت کی تھی کہ اداکار زندہ اور خیریت سے ہیں۔

2022ء میں بھی جیکی چن کی موت سے متعلق افواہ پھیلی، تاہم فیکٹ چیک کرنے والے اداروں کو اس دعوے کی تائید میں کوئی معتبر ثبوت نہیں ملا تھا۔

جیکی چن کی حالیہ سرگرمیاں بھی ان کے فلمی شعبے سے وابستہ رہنے کی عکاسی کرتی ہیں۔ رواں سال وہ کانز فلم فیسٹیول میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنے طویل فلمی سفر کے بارے میں گفتگو کی۔ اس موقع پر سنیما کے لیے ان کی خدمات کو سراہا گیا اور حاضرین نے کھڑے ہوکر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

چھ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط فلمی کیریئر کے دوران جیکی چن نے ایکشن اور مارشل آرٹس پر مبنی کرداروں کے ذریعے عالمی شہرت حاصل کی۔ ان کی معروف فلموں میں ’رش آور‘، ’پولیس اسٹوری‘ اور ’ڈرنکن ماسٹر‘ شامل ہیں۔

جیکی چن کے انتقال سے متعلق وائرل دعوے کی مستند ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی، اس لیے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایسی خبروں کو حقیقت سمجھنے سے گریز کرنا چاہیے۔