خلاصہ
- کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرینی افوج نے لیبیا کے ساحل کے قریب روس کے ایک جدید ترین بحری جہاز کورویٹ مرکری کو غرق کر دیا ہے۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے مطابق اس کے لیے یوکرینی ساختہ ڈرونز کا استعمال کیا گیا اور ڈوبنے والا جہاز روس کے جدید ترین بحری جہازوں میں سے ایک تھا جس کو 2023 میں روسی بیڑے میں شامل کیا گیا تھا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک اور ہدف کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جو کہ روسی مال بردار جہاز ایم وی انگارا تھا جو ہتھیاروں کی نقل و حرکت کے لیے استعمال ہوتا تھا۔
انہوں نے ٹیلی گرام پر پیغام میں لکھا کہ ہم سمندر کے مخصوص حصے میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، یوکرین صدر نے روس کے ایک جنگی ہیلی کاپٹر کو گرانے کا دعویٰ بھی کیا۔
اس سے قبل لیبیا میں اقوام متحدہ کے مشن نے بن غازی کی بندرگاہ کے قریب ہونے والے حملوں کی فوری، آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، مشن نے خبردار کیا تھا کہ ایسے اقدامات ملک کو وسیع تر علاقائی تنازعات میں دھکیل سکتے ہیں۔
لیبیا میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن نے سمندر میں پیش آنے والے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ لیبیا کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اس کے شہریوں اور املاک کے تحفظ کا احترام کیا جانا چاہئے۔
مشن نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، تحقیقات جاری رہنے کے دوران غیر مصدقہ معلومات پھیلانے یا واقعات کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کریں اور ایسی اشتعال انگیز بیان بازی یا اقدامات سے باز رہیں جو ملک میں داخلی کشیدگی کو ہوا دے سکتے ہیں۔
مشرقی لیبیا میں قائم حکومت کے مطابق روسی بحری جہاز واپسی پر ایندھن بھرنے اور ضروری سامان کی فراہمی کے لیے بندرگاہ پر رکا تھا، حکومت نے مشتبہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے لیبیا کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور بحری سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا۔
لیبیا کے فوجی ذرائع کے مطابق بن غازی کے ساحل کے قریب مالٹا کے پرچم بردار ایک تجارتی جہاز کو ڈرون کشتی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، بحری فورسز نے جہاز کے عملے کو بچا لیا تاہم عملے کے بعض ارکان معمولی زخمی ہوئے۔
فوجی ذرائع نے مزید بتایا کہ اسی شام لیبیا کی بحری اور فضائی افواج نے ساحل کے قریب 20 سے زیادہ ڈرون کشتیوں کو بھی روک لیا۔
مشرقی لیبیا کی حکومت نے واقعے کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، وزیراعظم اسامہ حماد نے کہا کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ آیا ڈرون کشتیاں مغربی لیبیا سے آئی تھیں، انہوں نے ملک میں یوکرینی ماہرین کی مبینہ موجودگی کی بھی تصدیق کرنے کا مطالبہ کیا۔