خلاصہ
- سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک) گریمی ایوارڈ یافتہ امریکی پاپ گلوکارہ ملی سائرس نے اپنے دیرینہ ساتھی اور میوزک بینڈ لیلی کے ڈرمر میکس مورانڈو سے کیلیفورنیا میں نجی تقریب کے دوران شادی کرلی۔
گلوکارہ ملی سائرس نے انسٹاگرام پر شادی کی بلیک اینڈ وائٹ تصاویر شیئر کیں جن کے ساتھ مختصر الفاظ میں ’’M + M‘‘ اور تاریخ ’’21.11.26‘‘ درج تھی۔
ملی سائرس نے شادی کی تقریب میں سفید رنگ کا بیک لیس سلک گاؤن زیب تن کیا جبکہ ان کے 28 سالہ شوہر میکس مورانڈو سیاہ رنگ کے روایتی سوٹ اور سفید شرٹ میں نظر آئے۔
ملی سائرس اور میکس مورانڈو تقریباً 5سال سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں، گلوکارہ نے برطانوی جریدے ووگ کو 2023 میں دیے گئے انٹرویو میں بتایا تھا کہ دونوں کی پہلی ملاقات 2021 میں ایک بلائنڈ ڈیٹ کے ذریعے ہوئی تھی۔
ملی سائرس نے اس ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ملاقات ان کے لیے بلائنڈ ڈیٹ تھی لیکن میکس کے لیے ایسا نہیں تھا، انہوں نے اس وقت سوچا تھا کہ زیادہ سے زیادہ یہ ہوسکتا ہے کہ وہ ملاقات ادھوری چھوڑ کر واپس آجائیں۔
شادی سے تقریباً ایک ماہ قبل ملی سائرس اور میکس مورانڈو نے ہالی ووڈ بول میں ایک ساتھ لیٹس گیٹ میریڈ گانا پیش کیا تھا جو مائلی سائرس کے تازہ اسٹوڈیو البم باس پرسویڈز میں بھی شامل ہے۔
میکس مورانڈو لاس اینجلس میں قائم راک بینڈ لیلی کے ڈرمر ہیں جس کا تعلق اٹلانٹک ریکارڈز سے ہے۔
ملی سائرس اس سے قبل آسٹریلوی اداکار لیام ہیمس ورتھ سے شادی کرچکی ہیں تاہم یہ رشتہ زیادہ عرصے برقرار نہ رہ سکا اور لیام ہیمس ورتھ نے 2019 میں لاس اینجلس میں طلاق کے لیے درخواست دائر کردی تھی۔