زیر زمین پانی کا تحفظ ہی غذائی سلامتی

زیر زمین پانی کا تحفظ ہی غذائی سلامتی

برسوں سے زیر زمین پانی بارشوں کی کمی، نہری پانی کی غیر یقینی فراہمی اور خشک سالی کے مقابلے میں کسانوں کیلئے مضبوط سہارا بنا ہوا ہے، لیکن بے دریغ اخراج کے باعث قدرت کا یہ انمول خزانہ تیزی سے خالی ہو رہا ہے، تشویشناک امر یہ ہے کہ جس رفتار سے پانی زمین سے نکالا جا رہا ہے، قدرتی طور پر اس کی بحالی ممکن نہیں، اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو پاکستان کی زراعت، غذائی رسد اور دیہی معیشت کو سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

زیر زمین پانی پاکستان کے زرعی اور گھریلو آبی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، عالمی بینک کے مطابق، زراعت میں استعمال ہونے والے پانی کا 50 فیصد، گھریلو ضروریات کیلئے استعمال ہونے والے پانی کا 70 فیصد اور دیہی علاقوں میں تقریباً 90 فیصد پانی زیر زمین ذخائر سے حاصل ہوتا ہے۔

یہ اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ ملک کی زرعی پیداوار اور روزمرہ ضروریات کا بڑا حصہ اسی قدرتی آبی سرمائے سے وابستہ ہے۔ تاہم، بے تحاشا پمپنگ، غیر محتاط استعمال اور آلودگی نے ان ذخائر کو شدید دباؤ سے دوچار کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں پانی کی سطح مسلسل نیچے جا رہی ہے۔

2025ء میں ریجنل اسٹڈیز جرنل آف ہائیڈرولوجی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، 2003ء سے 2023ء تک پاکستان میں زیر زمین پانی کے ذخائر میں اوسطاً سالانہ 5.2 ملی میٹر کمی ہوئی، جبکہ دو دہائیوں کے دوران مجموعی کمی تقریباً 104 ملی میٹر رہی، وسطی پنجاب سب سے زیادہ متاثرہ خطہ قرار پایا، جہاں سالانہ 8.3 ملی میٹر کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ گلگت بلتستان میں معمولی اضافہ سامنے آیا، واضح رہے کہ یہ نتائج براہِ راست کنوؤں کی پیمائش کے بجائے سیٹلائٹ ماڈلز اور زمین کے استعمال سے متعلق اعدادوشمار پر مبنی ہیں۔

اسی طرح 2025ء میں واٹر ریسورسز ریسرچ میں شائع ہونے والی ایک دوسری تحقیق میں سیٹلائٹ ڈیٹا کی مدد سے دریائے سندھ میں آبی ذخائر کا جائزہ لیا گیا، اپریل 2002ء سے مئی 2023ء تک کے اعدادوشمار کے مطابق 2015ء اور 2016ء کے بعد پانی کے ذخائر میں کمی کی رفتار تیز ہوئی، یہ صورتِ حال صرف پاکستان نہیں بلکہ دریائے سندھ کے آبی نظام پر انحصار کرنے والے پورے خطے کیلئے باعثِ تشویش ہے۔

پانی کی گرتی ہوئی سطح کے اثرات صرف کھیتوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ پوری معیشت کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں، پانی زیادہ گہرائی سے نکالنے کے لیے گہرے ٹیوب ویل، طاقتور پمپ اور اضافی توانائی درکار ہوتی ہے، جس سے کاشتکاری کے اخراجات بڑھ جاتے ہیں بڑے زمیندار کسی حد تک یہ بوجھ برداشت کر سکتے ہیں، لیکن چھوٹے کاشتکاروں کے لیے ایسا کرنا مشکل ہوتا ہے، نتیجتاً زرعی شعبے میں معاشی ناہمواری بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے، دوسری جانب پانی کی قلت فصلوں کی پیداوار متاثر کرتی ہے، جس کے اثرات بالآخر غذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافے اور عام آدمی کی قوتِ خرید میں کمی کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔

شمسی توانائی بھی مسئلے کا مکمل حل نہیں، جدید ٹیکنالوجی اور متبادل توانائی کے ذرائع زراعت میں بہتری لا سکتے ہیں، لیکن محض گرین ٹیکنالوجی اختیار کر لینا آبی بحران کا حل نہیں، 2025ء میں جرنل آف ایگریکلچر اینڈ فوڈ ریسرچ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق، زیریں زمیں پانی نکالنے کیلئے سولر پمپ استعمال کرنے والے کسانوں نے سالانہ تقریباً 1,600 ملی میٹر پانی نکالا، جبکہ ڈیزل پمپ استعمال کرنے والوں میں یہ مقدار 1,300 ملی میٹر رہی۔

تقابلی جائزوں کے 77 فیصد حصے میں شمسی توانائی سے چلنے والے کھیتوں میں پانی کا اخراج زیادہ پایا گیا، اس سے واضح ہوتا ہے کہ اگر پانی نکالنے کی حدود مقرر نہ ہوں تو سستی توانائی بے تحاشا پمپنگ کو فروغ دے سکتی ہے، لہٰذا صاف توانائی کے فوائد کو پانی کے ذمہ دارانہ استعمال سے مربوط کرنا ضروری ہے۔

زیر زمین پانی کے تحفظ اور غذائی ضروریات کے درمیان توازن قائم کرنا بھی اہم ہے، 2024ء میں نیچر سسٹین ایبلٹی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، معاون پالیسیوں کے بغیر زیر زمین پانی کے بے جا اخراج کو روکنے سے 2050ء تک دنیا بھر میں مزید 2 کروڑ 60 لاکھ افراد بھوک کا شکار ہو سکتے ہیں، اگرچہ یہ پاکستان کیلئے مخصوص پیشگوئی نہیں بلکہ عالمی ماڈل ہے، تاہم اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پانی کے استعمال پر پابندیوں کے ساتھ متبادل انتظامات بھی ضروری ہیں، جن میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنا، آبی ذخائر کی قدرتی بحالی اور زرعی تحقیق و ترقی شامل ہیں۔

پاکستان کو اس بحران سے نمٹنے کیلئے جامع اور دور رس آبی حکمت عملی اپنانا ہوگی، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو زیر زمین پانی کی سطح میں کمی والے علاقوں کی نشاندہی، مستقل نگرانی اور مقامی حالات کے مطابق پانی نکالنے کی حدود مقرر کرنی چاہئیں، ان ضوابط کی تشکیل میں کسانوں کو اعتماد میں لینا بھی ضروری ہے تاکہ چھوٹے کاشتکاروں پر غیر ضروری بوجھ نہ پڑے۔

زرعی شعبے میں پانی کے مؤثر استعمال کو فروغ دینے کیلئے جدید آبپاشی نظام، مٹی میں نمی برقرار رکھنے کی تدابیر اور کم پانی میں بہتر پیداوار دینے والی فصلوں کو اپنانا ہوگا، اسی طرح شمسی ٹیوب ویلوں کے استعمال کیلئے مناسب ضوابط، پانی کے اخراج کی نگرانی اور اضافی شمسی بجلی قومی گرڈ کو فروخت کرنے کی سہولت متعارف کرائی جا سکتی ہے۔

بارش کے پانی کو محفوظ بنانے، قدرتی آبی ذخائر کی بحالی، نہری نظام کی بہتری اور زیر زمین پانی کی دوبارہ بھرائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری بھی ناگزیر ہے، پاکستان کی قومی آبی پالیسی 2018ء میں بھی پانی کی نگرانی، مؤثر استعمال اور آبی ذخائر کی بحالی پر زور دیا گیا ہے، تاہم اس کی کامیابی کا انحصار عملی نفاذ پر ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں، تحقیقی اداروں، ماہرین اور کسانوں کے درمیان مربوط تعاون ہی اس بحران پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ زیر زمین پانی کوئی لامحدود خزانہ نہیں جسے بے دریغ استعمال کیا جاتا رہے، یہ قدرت کی عطا کردہ ایسی نعمت ہے جس کی بحالی ایک طویل قدرتی عمل ہے، جبکہ اس کا غیر محتاط استعمال اسے چند برسوں میں خطرناک حد تک کم کر سکتا ہے، پاکستان کی زراعت، غذائی ضروریات اور دیہی معیشت کا مستقبل اسی آبی سرمائے سے جڑا ہوا ہے، اس لیے پانی کا تحفظ محض ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ قومی بقا اور معاشی سلامتی کا تقاضا ہے، آج زیر زمین پانی بچانے کیلئے کیے گئے فیصلے ہی کل ہماری زرعی خودکفالت اور غذائی سلامتی کی ضمانت بن سکتے ہیں۔