یوکرینی حملوں کے بعد کریمیا پل پر ٹرینوں کی آمدورفت بحال ہو گئی: روسی نائب وزیراعظم

یوکرینی حملوں کے بعد کریمیا پل پر ٹرینوں کی آمدورفت بحال ہو گئی: روسی نائب وزیراعظم

روسی نائب وزیراعظم آندرے نکیتن کے مطابق آبنائے کرچ پر واقع اس اہم پل کے ریلوے حصے پر ٹرینوں کی نقل و حرکت معمول کے مطابق جاری ہے۔

روسی نائب وزیراعظم آندرے نکیتن نے ہفتہ 21 نومبر کو بتایا کہ کریمیا پل کے ریلوے حصے پر ٹرینوں کی آمدورفت مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے اور تمام ٹرینیں اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں۔

اِسی طرح روسی حکام نے بتایا کہ 16، 17 اور 18 نومبر کو یوکرینی افواج کی جانب سے کریمیا پل کو حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پل کے مختلف حصوں کو نقصان پہنچا اور ٹرانسپورٹ کی آمدورفت متاثر ہوئی۔

حملوں کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت ریلوے ٹریفک عارضی طور پر معطل کی گئی تھی، جس سے مسافر ٹرینوں کی روانگی اور آمد میں تاخیر ہوئی۔

روسی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق مرمت اور حفاظتی جانچ کے بعد پہلے ایک ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت بحال کی گئی، جبکہ بعد میں دونوں ٹریک مکمل طور پر فعال کردیے گئے۔

دوسری جانب روسی میڈیا کا کہنا تھا کہ حملوں کے نتیجے میں تاخیر کا شکار ہونے والی مسافر ٹرینیں بھی اپنی منزلوں تک پہنچ گئیں۔ سینٹ پیٹرزبرگ اور ماسکو سے کریمیا جانے والی ٹرینوں کی آمدورفت دوبارہ معمول پر آگئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ آبنائے کرچ پر تعمیر کیا گیا کریمیا پل روس اور کریمیا کے درمیان سڑک اور ریلوے رابطے کا ایک اہم ذریعہ ہے، اس پل کے ذریعے مسافروں کے ساتھ ساتھ تجارتی سامان کی نقل و حمل بھی کی جاتی ہے۔

روسی حکام نے مزید کہا کہ ریلوے ٹریفک مکمل طور پر بحال ہوچکی ہے، تاہم پل کے متاثرہ حصوں کی مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے۔