پوتن، ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات کا کچھ حصہ میڈیا کیلئے کھولا جاسکتا ہے، کریملن

پوتن، ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات کا کچھ حصہ میڈیا کیلئے کھولا جاسکتا ہے، کریملن

کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے روسی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تینوں ممالک کے صدور کی ملاقات کے ابتدائی حصے میں میڈیا کو رسائی دینے کا منصوبہ زیر غور ہے۔

جب دیمتری پیسکوف سے سوال کیا گیا کہ کیا تینوں رہنماؤں کے ابتدائی بیانات صحافیوں کے لیے کھلے ہوں گے تو انہوں نے جواب دیا کہ ہمیں اس کی امید ہے اور فی الحال یہی منصوبہ ہے۔

کریملن کے ترجمان نے واضح کیا کہ اس معاملے میں حتمی فیصلہ چین کرے گا کیونکہ سہ فریقی اجلاس کی میزبانی اور انتظامات چینی حکام کے ذمہ ہیں۔

دیمتری پیسکوف نے کہا کہ ہم سب یہاں اپنے چینی دوستوں کے مہمان ہیں اور وہی اس ملاقات کے منتظمین ہیں۔

کریملن کے ترجمان اس سے قبل یہ بھی بتا چکے ہیں کہ روس، امریکہ اور چین کے صدور کی سہ فریقی ملاقات کا ایجنڈا پہلے ہی طے کیا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایجنڈا طے ہونے کے باوجود ملاقات کے دوران تینوں رہنماؤں کو مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کرنے اور ایک دوسرے کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کرنے کا موقع بھی ملے گا۔