خلاصہ
- ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ روسی فضائی دفاعی نظام نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یوکرین کے ایک ہزار 65 فکسڈ ونگ ڈرون، تین گائیڈڈ فضائی بم اور امریکی ساختہ ہائمارس ملٹی پل راکٹ لانچر سسٹم کا ایک راکٹ مار گرایا ہے۔
روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق روسی فضائی دفاعی نظام نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں یوکرینی مسلح افواج کے ایک ہزار 65 فکسڈ ونگ بغیر پائلٹ طیاروں کو تباہ کیا۔
وزارت دفاع نے بتایا کہ اسی دوران تین گائیڈڈ فضائی بم اور امریکی ساختہ ہائمارس ملٹی پل راکٹ لانچر سسٹم سے داغا گیا ایک راکٹ بھی مار گرایا گیا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق روسی مسلح افواج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یوکرینی فوج کے زیر استعمال فوجی ہوائی اڈوں، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے، ڈرون تیار کرنے والی تنصیبات، گولہ بارود کے ذخائر اور فوجیوں کی تعیناتی کے مقامات کو نشانہ بنایا۔
وزارت دفاع نے بتایا کہ روسی فوج کے مختلف گروپوں نے آپریشنل ٹیکٹیکل طیاروں، حملہ آور ڈرونز، میزائل دستوں اور توپ خانے کی مدد سے یہ کارروائیاں کیں۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق حملوں میں یوکرینی فوج کے زیر استعمال فوجی ہوائی اڈوں، توانائی اور ٹرانسپورٹ کی تنصیبات، ڈرون بنانے والی فیکٹریوں، ڈرون ذخیرہ کرنے اور انہیں لانچ کرنے کے مقامات، گولہ بارود کے ڈپو اور یوکرینی مسلح دستوں کی عارضی تعیناتی کے مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
وزارت دفاع نے کہا کہ ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 149 علاقوں میں اہداف پر حملے کیے گئے۔
روسی وزارت دفاع نے اپنی روزانہ کی فوجی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خصوصی فوجی آپریشن کے علاقے میں روسی فوج کے مختلف گروپوں کی کارروائیوں کے نتیجے میں یوکرینی مسلح افواج کو تقریباً ایک ہزار 120 فوجیوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔
وزارت دفاع کے مطابق شمالی فوجی گروپ کی کارروائیوں کے علاقے میں یوکرینی فوج کو 150 تک فوجیوں کا نقصان ہوا۔
مغربی فوجی گروپ کی کارروائیوں کے علاقے میں یوکرین کے 210 تک فوجیوں کا نقصان ہوا، جبکہ جنوبی فوجی گروپ کی کارروائیوں میں 180 سے زائد یوکرینی فوجیوں کو نقصان پہنچا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق مرکزی فوجی گروپ کی کارروائیوں کے علاقے میں یوکرینی فوج کو 350 تک فوجیوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔
مشرقی فوجی گروپ کے علاقے میں یوکرین کے 200 سے زائد فوجیوں کا نقصان ہوا، جبکہ دنیپر فوجی گروپ کی کارروائیوں کے علاقے میں یوکرینی فوج کو 30 تک فوجیوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔