خلاصہ
- ماسکو:(شاہد گھمن) کریملن کے صدارتی معاون یوری اوشاکوف نے مغربی میڈیا کی ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ماسکو کے دورے کے دوران امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف سے ملاقات سے انکار کر دیا تھا۔
یوری اوشاکوف نے کہا کہ ان کی معلومات کے مطابق صدر پوتن اور سی آئی اے ڈائریکٹر کے درمیان ملاقات کا کوئی منصوبہ ہی موجود نہیں تھا، جان ریٹکلف نے اپنے دورۂ ماسکو کے دوران روسی انٹیلی جنس اداروں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
کریملن کے معاون نے کہا کہ یہ رابطے مکمل طور پر سرکاری اور خفیہ نوعیت کے تھے، اس لیے وہ ان میں ہونے والی گفتگو کی تفصیلات بتانے یا ان پر تبصرہ کرنے کے مجاز نہیں۔
یاد رہے کہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف 25 اگست کو ماسکو آئے تھے۔
اس سے قبل کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف بھی واضح کر چکے ہیں کہ امریکی خفیہ ادارے کے سربراہ کا دورہ روس دونوں ممالک کے انٹیلی جنس اداروں کے درمیان رابطوں کا حصہ تھا۔
روس کی فارن انٹیلی جنس سروس ایس وی آر کے سربراہ سرگئی ناریشکن نے بھی تصدیق کی تھی کہ انہوں نے جان ریٹکلف سے ماسکو میں ملاقات کی، مختلف ممالک کے انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان کے درمیان اس نوعیت کے رابطے معمول کے پیشہ ورانہ کام کا حصہ ہوتے ہیں۔