خلاصہ
- پشاور:(دنیا نیوز) ٹرانس پشاور نے بی آر ٹی بسوں کی منتقلی اور چوری سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
حکام کے مطابق وائرل ویڈیوز دراصل رواں سال بی آر ٹی کے لیے خریدی گئی نئی بسوں کی پشاور آمد کی ہیں۔
ٹرانس پشاور حکام کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر دو ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جن میں بسوں کی منتقلی کو چوری یا غیر قانونی منتقلی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، تاہم حقیقت میں ان ویڈیوز کا تعلق بی آر ٹی کے لیے خریدی گئی نئی بسوں کی پشاور منتقلی سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ رات کے اوقات میں بسوں کی منتقلی کی ویڈیو اگست 2026ء جبکہ دن کے وقت بسوں کی منتقلی کی ویڈیو اکتوبر 2026ء کی ہے، دونوں ویڈیوز رواں سال بی آر ٹی کے لیے خریدی گئی نئی بسوں کی پشاور آمد کے مناظر پر مشتمل ہیں۔
ٹرانس پشاور کے مطابق رواں سال بی آر ٹی سروس کے لیے مجموعی طور پر 52 نئی بسیں خریدی گئی ہیں، جن میں سے 25 بسیں پہلے ہی پشاور پہنچ چکی ہیں جب کہ باقی 27 بسیں رواں ہفتے پشاور منتقل کر دی جائیں گی۔
حکام کا کہنا تھا کہ نئی بسوں کی شمولیت سے بی آر ٹی کے بیڑے میں بسوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 296 ہو جائے گی، جس سے سروس کی بسوں کی دستیابی میں اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب ٹرانس پشاور نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کی وضاحت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کا تعلق نئی بسوں کی آمد سے ، نہ کہ بسوں کی چوری یا غیر قانونی منتقلی سے ہے۔