امریکی صدر نے اسرائیل سے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا

Published On 11 April,2024 05:25 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے صدر جوبائیڈن نے اسرائیل سے غزہ میں جنگ بندی اور مزید امداد کی اجازت دینے کا مطالبہ کر دیا۔

اپنے ایک انٹرویو میں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل جو کچھ کر رہا وہ غلط ہے میں اس کے نقطہ نظر سے متفق نہیں ہوں، گزشتہ ہفتے غزہ میں اسرائیلی حملے میں 7 امدادی کارکنوں کی ہلاکت خوفناک واقعہ تھا۔

جوبائیڈن نے کہا کہ میں جس چیز کا مطالبہ کر رہا ہوں وہ یہ ہے کہ اسرائیلی صرف جنگ بندی کا مطالبہ کریں اور اگلے چھ یا آٹھ ہفتوں کے دوران غزہ میں داخل ہونے والی تمام خوراک اور ادویات تک مکمل رسائی کی اجازت دیں۔

امریکی صدر نے اسرائیل پر غزہ میں مزید امداد کی اجازت دینے کیلئے اپنا دباؤ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے لوگوں کی خوراک اور ادویات کی ضروریات فراہم نہ کرنے کا کوئی عذر نہیں، اسرائیل غزہ میں جنگ بندی کا اعلان کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزاسر ائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اعلان کیا تھا کہ رفاہ کے گنجان آباد شہر پر ایک بھرپور فوجی حملے کیلئے تاریخ مقرر کر لی ہے تاکہ غزہ کے جنوب میں حماس کے اس آخری گڑھ کو ختم کا جا سکے۔

رفاہ شہر غزہ کے انتہائی جنوب میں مصری سرحد کے ساتھ جڑا ہوا شہر ہے جس میں 15 لاکھ سے زائد فلسطینی پناہ گزینوں نے 7 اکتوبر سے جاری جنگ کے باعث پناہ لے رکھی ہے، 6 ماہ میں غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 33 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
 

Advertisement