وہ عام عادات جو آپ کے مسلز کو کمزور کر سکتی ہیں

Published On 20 December,2025 01:14 am

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلز کی مضبوطی سے جسمانی چربی میں کمی آتی ہے اور کیلوریز جلانے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے، تاہم انسان کی کچھ ایسی عادات بھی ہیں جو مسلز کی کمزوری کا باعث بنتی ہیں۔

ناقص غذاؤں سے لے کر ناقص ورزشوں تک چند عادات ایسی ہوتی ہیں جو مسلز بننے کا عمل متاثر کرتی ہیں بلکہ ان میں تکلیف کا باعث بھی بنتی ہیں۔

مناسب مقدار میں پانی نہ پینا
اگر آپ مناسب مقدار میں پانی پینے کو ترجیح نہیں دیتے تو مسلز کو نقصان ہوتا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ جسم میں پانی کی کمی سے خون گاڑھا ہوتا ہے تو مسلز تک بہت کم مقدار میں آکسیجن پہنچتی ہے، پانی کی کمی سے مسلز کی تھکاوٹ اور تکلیف کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔

وارم اپ کرنے میں غفلت
سخت ورزش سے قبل وارم اپ سے مسلز کا درجہ حرارت بڑھتا ہے اور مسلز کی جانب آکسیجن سے بھرپور خون کی بہاؤ بھی بڑھتا ہے، اس سے لچک بڑھتی ہے اور ورزش کے دوران انجری یا تکلیف کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

ناکافی مقدار میں غذا کا استعمال
آپ متوازن اور مناسب مقدار میں غذا کے استعمال کے بغیر مسلز نہیں بنا سکتے، اس مقصد کیلئے روزانہ پروٹین کی زیادہ مقدار کو جزوبدن بنانے کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ مسلز کی نشوونما بڑھ سکے، سالم اناج، پھلوں، سبزیوں اور دودھ سے بنی مصنوعات میں موجود کاربوہائیڈریٹس سے بھی مسلز کی توانائی بڑھتی ہے۔

مناسب نیند نہ لینا
جب آپ وزن اٹھانے کی ورزش کرتے ہیں تو مسلز میں معمولی ٹوٹ پھوٹ ہوتی ہے جس سے ان کے بننے کا عمل تیز ہوتا ہے اور وہ مضبوط ہوتے ہیں۔ مگر اس مقصد کے لیے اچھی اور گہری نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔ گہری نیند کے دوران جسم کے اندر ایسے ہارمونز خارج ہوتے ہیں جو مسلز کی مرمت اور ٹشوز کی نشوونما میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

تمباکو نوشی
تمباکو نوشی سے مسلز تک آکسیجن کی فراہمی گھٹ جاتی ہے جس کے نتیجے میں ان کے افعال بھی متاثر ہوتے ہیں، تمباکو نوشی کے باعث جسم کی مسلز بنانے والے پروٹین پراسیس ہونے کا عمل بھی متاثر ہوتا ہے جبکہ مسلز کو مستحکم رکھنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔

آرام کا خیال نہ رکھنا
بہت زیادہ ورزش کرنے سے مسلز پر تناؤ بڑھتا ہے اور آرام نہ کرنے سے مسلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، آرام کرنے سے مسلز کی انجری کا خطرہ گھٹ جاتا ہے، مسلز کی نشوونما بہتر ہوتی ہے جبکہ کارکردگی میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔

بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا
دن بھر میں بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے امراض قلب، ذیابیطس اور کینسر کی کچھ اقسام کا خطرہ بڑھتا ہے، مگر اس کے ساتھ ساتھ مسلز کا حجم بھی گھٹ جاتا ہے اور وہ کمزور ہونے لگتے ہیں، یہاں تک کہ اگر آپ وزن اٹھانے کی ورزش کرتے ہوں تو بھی زیادہ وقت تک بیٹھ کر گزارنے سے فوائد گھٹ جاتے ہیں۔