جیش العدل کا ایرانی پولیس کی دو گاڑیوں پر حملہ،6 اہلکار شہید

Published On 10 April,2024 07:48 pm

تہران :(ویب ڈیسک ) سوران مہرستان میں جیش العدل کا ایرانی پولیس کی دو گاڑیوں پر حملے سے کم سے کم چھ پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ صوبہ سیستان اور بلوچستان میں سوران مہرستان روڈ پر پولیس کی دو کاروں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا اور اس حملے میں کم ازکم 6 پولیس اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔

 خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ پولیس افسر حسین علی شیبک کے قتل کے مرکزی ملزم کو لے جا رہی تھی جب ان کا قافلہ مسلح حملے کا نشانہ بنا، جیش العدل کے عسکریت پسندوں نے اس حملے میں سائلنسر سے لیس ہتھیاروں کا استعمال کیا اس لیے گولی چلنے کی آواز نہیں سنی گئی۔

دوسری جانب خبر رساں ایجنسی کے مطابق جیش العدل نے ایک مختصر بیان میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے، جس میں کہا گیا کہ جس فورس پر حملہ کیا گیا وہ ایک انٹیلی جنس آپریشنل یونٹ تھا جس کے ساتھ خصوصی دستے بھی تھے۔

واضح رہے چار اپریل کو اس عسکریت پسند گروپ نے راسک شہر میں پاسداران انقلاب کے ایک اڈے اور سیستان بلوچستان کے چاہ بہار میں ایک پولیس سٹیشن پر کیے گئے دو حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کی،حکام کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ان حملوں میں 16 پولیس اہلکار اور 18 حملہ آور مارے گئے تھے۔