تفتان: (دنیا نیوز)ایران میں قتل ہونے والے 9 پاکستانی مزدوروں کی میتیں سرکاری حکام کے حوالے کر دی گئیں۔
پاک ایران سرحد کے راہداری گیٹ پر ایرانی بارڈر سکیورٹی گارڈز نے میتیں حوالے کیں۔
اسسٹنٹ کمشنر تفتان وقار کاکڑ نے پاک ایران سرحد کے راہداری گیٹ پر مقتول پاکستانی مزدوروں کی میتیں وصول کیں، مقتولین کی آج آبائی علاقوں میں تدفین کی جائے گی۔
یاد رہے کہ 27 جنوری کو ایران کے صوبہ سیستان میں ان پاکستانی باشندوں کو قتل کردیا گیا تھا، یہ پاکستانی باشندے گزشتہ کئی سال سے ایران میں کار ورکشاپ میں کام کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ایران میں پاکستانی شہریوں کے قتل کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ہولناک و قابل نفرت واقعہ قرار دیا اور واقعے کی تحقیقات اور گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کا محاسبہ کرنے پر زور دیا۔