اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اسلام آباد میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ایران کے اعلیٰ حکام موجود تھے، ایرانی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کی دعوت پر پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، نگران وزیر خارجہ نے پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ نگران وزیر خارجہ جیلانی نے ایران کے ساتھ تعاون میں وسعت کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، نگران وزیر خارجہ نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اجتماعی اور باہمی تعاون پر زور دیا اور کہا کہ دہشت گردی پاکستان اور ایران دونوں کیلئے مشترکہ چیلنج ہے۔
— Spokesperson MoFA (@ForeignOfficePk) January 29, 2024
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے زور دیا کہ سکیورٹی تعاون پر مضبوط ادارہ جاتی میکانزم کا مکمل فائدہ اٹھایا جانا چاہئے، فریقین نے سکیورٹی و انٹیلی جنس تعاون کی مضبوطی کیلئے رابطہ افسران کی تعیناتی پر اتفاق کیا۔
ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق رابطہ افسران کی تربت اور زاہدان میں فوری تعیناتی پر اتفاق کیا گیا، دونوں وزرائے خارجہ نے نوٹ کیا کہ سلامتی اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، فریقین نے اقتصادی اور ترقیاتی تعاون کیلئے اقدامات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا، ان اقدامات میں مشترکہ سرحدی منڈیوں کی جلد از جلد فعالیت شامل ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے دونوں ملکوں کی خوشحالی اور ترقی کے مشترکہ ایجنڈے پر پیشرفت کی، وزرائے خارجہ کی سطح پر ایک مشترکہ کوآرڈی نیشن میکنزم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو پاکستان کے دورے کی دوبارہ دعوت دی۔