لاہور:(دنیا نیوز)محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو مزید 2 ہزار نرسوں کی تعیناتی کیلئے فہرستیں موصول ہوگئیں۔
2 ہزار نرسوں کی بھرتی پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی گئی ہے، تمام نرسوں کی تعیناتی سو فیصد میرٹ پر پنجاب کے مختلف ٹیچنگ ہسپتالوں میں کی جائیں گی۔
صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کا اِس حوالے سے کہنا تھا کہ حکومت پنجاب ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و نرسز کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
دوسری جانب سیکرٹری صحت عظمت محمودخان نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق شعبہ صحت کی بہتری کیلئے تاریخی اقدامات کئے جارہے ہیں، نئی بھرتی ہونے والی نرسز کی جلد تعیناتی کر دی جائے گی۔



