تہران نے معاہدہ نہ کیا تو مزید پلوں، پاور پلانٹس کو نشانہ بنائیں گے: ٹرمپ کی دھمکیاں

تہران نے معاہدہ نہ کیا تو مزید پلوں، پاور پلانٹس کو نشانہ بنائیں گے: ٹرمپ کی دھمکیاں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تہران نے معاہدہ نہ کیا تو مزید پلوں اور پاور پلانٹس کو نشانہ بنائیں گے، تنازع ختم ہو گیا تو آبنائے ہرمز خود بخود کھل جائے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ معاہدہ نہ ہوا تو ایران کے عظیم ملک بننے کی امید ختم ہو جائے گی، امریکا کچھ وقت میں باآسانی آبنائے ہرمز کھول سکتا ہے، تیل حاصل کر سکتا ہے اور بڑی کمائی کر سکتا ہے۔

دوسری جانب پاسداران انقلاب نے بھی فیصلہ سنا دیا اور کہا کہ پلوں یا توانائی انفراسٹرکچر پر حملوں کا جواب خطے میں تباہ کن ہو گا۔

پاسداران کا کہنا ہے کہ حملے کی صورت میں نہ صرف تمام امریکی اور اسرائیلی اثاثوں کو نشانہ بنایا جائے گا بلکہ امریکا کے اتحادیوں اور میزبان ممالک کے اہم مفادات پر بھی تباہ کن حملے کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو ممالک امریکی اڈوں کی میزبانی کر رہے ہیں، اگر وہ محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو امریکی افواج کو نکال دیں،۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کیا پوری قوم کو پتھر کے زمانے میں بھیجنے کی دھمکی جنگی جرم کے علاوہ کچھ ہے؟ تاریخ ان لوگوں سے بھری پڑی ہے جنہوں نے مجرموں کے سامنے خاموشی کی بھاری قیمت ادا کی۔