لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی مندی دیکھی گئی، 100 انڈیکس مزید 36.10 پوائنٹس گر گیا۔
تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر مندی دیکھی گئی، مندی کے باعث پورے کاروباری روز کاروبار 0.11 فیصد تنزلی کا شکار ہوا۔
یاد رہے کہ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کاروبار کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں 64.08 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی تھی اور 100 انڈیکس 33800 کی نفسیاتی سے محروم ہوتے ہوئے 33797.51 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا جبکہ کاروباری ہفتے کے پہلے روز 204 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس 33861.59 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
آج بھی مارکیٹ میں گراوٹ رہی، ایک موقع پر 100 انڈیکس 33700 کی حد سے بھی محروم ہو گیا تھا اور 33670.70 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تھا، اس دوران مندی میں جانے والی سٹاک مارکیٹ کو اس وقت حوصلہ ملا جب تیزی کے آثار آئے اور انڈیکس دوبارہ 33951.48 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
کاروبار کے اختتام تک تیزی کی لہر برقرار نہ رکھی سکی اور اختتامی لمحات میں حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 36.10 پوائنٹس کی مندی کے بعد 33761.41 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی حالات کے باعث سٹاک مارکیٹ میں انویسٹرز پیسے لگانے سے گریزاں ہیں، سیاسی حالات میں جے یو آئی (ف) کا آزادی مارچ اور تاجروں کی ہڑتال کے باعث سرمایہ کار دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر چل رہے ہیں اور سرمایہ لگانے سے گریزاں ہیں۔