لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران تیزی کی واپسی ہوئی ہے، 100 انڈیکس 652.40 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی جبکہ 31 ہزار کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر بحال ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پہلے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 1042 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی جبکہ 100 انڈیکس 30 ہزار 579 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا، سرمایہ کاروں کے ایک کھرب 33 ارب روپے ڈوب گئے تھے۔
دوسرے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر تیزی کی واپسی ہوئی ہے، کاروبار کا آغاز زبردست انداز میں ہوا، پہلے ہی ایک گھنٹے کے دوران 300 پوائنٹس کی تیزی ہوئی اور صبح 10 بج کر 35 منٹ پر انڈیکس 30800 کی حد عبور کر گیا تھا۔
تیزی کا یہ تسلسل چلتا رہا تاہم اس دوران غیر یقینی صورتحال بھی دیکھنے کو ملی جس کے باعث انڈیکس اُتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار ایک موقع پر 31303.13 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر دیکھا گیا۔
کاروبار کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 652.40 کی تیزی کے بعد 31231.55 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا، پورے کاروباری روز کاروبار میں 2.13 فیصد کی بڑھوتری دیکھی گئی جبکہ 14 کروڑ 26 لاکھ 53 ہزار 136 شیئرز کا لین دین ہوا۔ جس کے باعث حصص کی مالیت 114 ارب روپے بڑھ گئی۔
پورے کاروباری روز کے دوران 7 حدیں بحال ہو گئیں۔ بحال ہونے والی حدوں میں 30600، 30700، 30800، 30900، 31000، 31100، 31200 کی حدیں شامل ہیں۔