لاہور: (ویب ڈیسک) روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی 171 روپے کی حد بھی عبور ہو گئی۔ جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 53.73 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ ڈالر ہورڈنگ میں ملوث 88 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 47افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی خریدو فروخت کرنے والی 5 بڑی کمپنیوں کے آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت داخلہ کے ماتحت ادارے ایف آئی اے کی طرف سے جاری کارروائیوں کے باوجود ملک بھر میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو ملا رہا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 30 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 170 روپے 74 پیسے سے بڑھ کر 171.04 روپے ہو گئی ہے۔
Interbank closing #ExchangeRate for today: https://t.co/aw7vlOiI3C pic.twitter.com/incny8Kgtd
— SBP (@StateBank_Pak) October 12, 2021
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی موجودہ دور حکومت میں روپیہ 38 فیصد قدر کھو بیٹھا ہے۔
دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں ڈالر 171 روپے 60 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے۔
اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 53.73 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 43883.08 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.12 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 18 کروڑ 86 لاکھ 47 ہزار 708 شیئرز کا لین دین ہوا۔