امریکی ڈالر ایک روپیہ 10 پیسے مزید سستا، سٹاک مارکیٹ میں تیزی

Published On 28 October,2021 04:01 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی تنزلی کا سلسلہ جاری ہے، ایک مرتبہ پھر امریکی کرنسی ایک روپیہ 10 پیسے سستی ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی ایک روپیہ 10 پیسے کمی کے بعد 173 روپے 10 پیسے میں فروخت ہوئی۔

دو روز کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے 30 پیسے سستا ہوچکا ہے۔

دوسری طرف سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر 52 پیسے کمی کے بعد 172 روپے 26 پیسے پر بند ہوا۔

دو روز کے دوران انٹربینک میں ڈالر 3 روپے ایک پیسہ سستا ہوچکا ہے۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لئے ادھار پٹرولیم مصںوعات کی فراہمی اور زرمبادلہ ذخائر بڑھانے کے لئے 3 ارب ڈالر فراہم کرنے کے اعلان کے باعث روپیہ کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر 164.02 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 45955.93 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.36 فیصد کی بہتری دیکھی جبکہ 9 کروڑ 32 لاکھ 25 ہزار 423 شیئرز کا لین دین ہوا۔
 

Advertisement