آج ہڑتال ہوگی: پٹرولیم ڈیلرز،پمپ کھلے رہیں گے:ترجمان وزارت پٹرولیم

Published On 24 November,2021 08:48 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)پٹرولیم مارجن میں عدم اضافے کو بنیاد بناکر پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے آج ہڑتال کا اعلان کردیا ہے،یہ ہڑتال صبح 6بجے شروع ہوگی اور ملک بھر میں پٹرول پمپ بند رہیں گے جبکہ وزارت پٹرولیم کے ترجمان نے کہا ہے کہ پی ایس او ،شیل،ٹوٹل اور دیگر کمپنیوں کے پٹرول پمپ کھلیں رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے کمیشن مارجن کو 6فیصد کرنے کے مطالبے کو برقرار رکھتے ہوئے جمعرات کو ہر صورت ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے،حکومتی رابطے کے باوجود پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ڈٹ گئی ہے اور ملک بھر میں پٹرول پمپ بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی طرف سے ہڑتال کے اعلان کے بعد ملک بھر میں پٹرول پمپوں پر شدید رش کا منظر دیکھنے کو ملا،گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کے بعد عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

شہریوں نے پٹرول پمپ بند کرنے کے اعلان کے بعد حکومت پر شدید الفاظ میں تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ کئی پٹرول پمپوں پر پٹرول ہونے کے باوجود عوام کو نہیں دیا جارہا،تبدیلی سرکار کی مافیا پر گرفت کمزور ہونے کے باعث قوم کو شدید بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری طرف ترجمان وزارت پٹرولیم نے کہا کہ آئل سپلائی کے لیے ٹینکروں کوروانہ کردیا گیا ہے اس لئے جمعرات کو ملک بھرمیں تمام پٹرول پمپ کھلے رہیں گے۔

ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ وزارت توانائی پٹرولیم ڈویژن نے پٹرول پمپ ڈیلرز کے مارجن کو بڑھانے کےلئے کیس ای سی سی بھیجوا دیا ہے، آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور ڈیلرز کے مارجن میں مناسب اضافے کےلئے وزارت کوشاں ہے جبکہ وفاقی کابینہ کے ذریعے سے دس روز میں فیصلے کا امکان ہے۔

وزارت پٹرولیم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آئل سیکٹر کی مختلف تنظیموں نے وزارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ عوام کو کوئی فکر کرنے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

ترجمان پی ایس او کے مطابق ملک بھرمیں پی ایس او کے پیٹرول پمپس کھلے رہیں گے، حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں، پیٹرول پمپس پر فیول کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ پی ایس او کی سپلائی چین بھرپور طور پر فعال ہے اورپی ایس او عوام کی خدمت کے لیے ہمیشہ کی طرح مستعد ہے۔

آئل اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) نے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پٹرول کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

ترجمان اوگرا کے مطابق صورتحال کی مانیٹرنگ کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، ڈیلرز مارجن میں اضافے سے متعلق چند عناصر پٹرول کی سپلائی میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، تمام آؤٹ لیٹس پر پٹرول کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ تیل سپلائی میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

سیکریٹری پیٹرولیم ارشد محمود نے بھی چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسو سی ایشن سے رابطہ کیاہے ، سیکرٹری پٹرولیم نے کہاکہ پیٹرولیم مارجن سے متعلق سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھیج دی ہے تاہم ‏سمری کے نکات ابھی نہیں بتائے جاسکتے۔

چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ سمری کے نکات معلوم نہ ہونےتک ہڑتال کی کال واپس نہیں ‏لیں گے ۔

قبل ازیں پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پٹرول پمپ مالکان کو جمعرات کی صبح چھ بجے سے فروخت بند رکھنے کی ہدایت جاری کر دی۔

گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور چترال میں بھی ہڑتال ہوگی، پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے اُن کے مطالبات تسلیم نہیں کئے جب تک ڈیلر مارجن چھ فیصد نہیں کیا جاتا حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے-حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن کوئی عملددرآمد نہیں کیا گیا۔
 

Advertisement