لاہور: (دنیا نیوز) پٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کے باعث ملک بھر میں متعدد پٹرول پمپس بند ہیں، پٹرول نہ ملنے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جہاں پٹرول دستیاب وہاں لمبی قطاریں ہیں، پمپس بند ہونے کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہوئی ہے۔
پٹرول پمپس بند ہونے سے شہریوں کیلئے مشکل کھڑی ہوگئی۔ پٹرول کی تلاش میں ایک پمپ سے دوسرے پر چکر لگانے کیلئے مجبور ہوگئے۔ شہریوں نے شکوہ کیا کہ حکومت نے پی ایس او کے پٹرول پمپس کھلے رہنے کا وعدہ کیا لیکن ان میں سے بھی بیشتر بند ہیں۔ کچھ شہروں میں جہاں چند پٹرول پمپس کھلے ہیں وہاں لمبی قطاریں لگی ہیں۔
پمپس بند ہونے کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہوئی ہے۔ اوگرا نے پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کا نوٹس لیکر مارکیٹنگ کمپنیوں کو بلا تعطل سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پٹرول پمپس کی ہڑتال کی آڑ میں کچھ گروپس 9 روپے کا اضافہ کروانا چاہتے ہیں، چند کمپنیوں کو نوازنے کے لئے 9 روپے کا اضافہ نہیں کیا جا سکتا، جائز مطالبات مانیں گے، ناجائز مطالبات تسلیم نہیں کریں گے، عوام کو پریشان کرنا درست نہیں۔
حماد اظہر نے بتایا کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطالبہ پر مارجن میں اضافے کی سمری پہلے ہی ای سی سی میں پیش کر دی گئی ہے، آئندہ اجلاس میں اس کا فیصلہ ہو جائے گا لیکن جائز مطالبہ تسلیم کیا جائے گا، پٹرول پمپ مالکان کی مشکلات کا احساس ہے، پٹرول پمپ مالکان بھی عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔